پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے کی گئی متنازع پوسٹ پر معافی مانگ لی ہے۔
ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ یہ پوسٹ ان کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے شیئر کی گئی تھی اور یہ ان کے ذاتی خیالات کی نمائندگی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پلیٹ فارم کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔
نسیم شاہ نے مزید کہا کہ اس غلطی سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے وہ معذرت خواہ ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی نے اس معاملے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے نسیم شاہ پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ بورڈ کے مطابق یہ جرمانہ سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر لگایا گیا۔
نسیم شاہ پر پی سی بی کا 2 کروڑ روپے جرمانہ
پی سی بی نے 27 مارچ 2026 کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، جس کے جواب اور سماعت کے بعد تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے 30 مارچ کو فیصلہ سنایا۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ غیر مشروط معافی کے باوجود کھلاڑی نے معاہدے کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کی۔
پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو برطرف کر دیا ہے جبکہ بورڈ بھی اس ایڈوائزر کو بلیک لسٹ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ وہ مستقبل میں کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کام نہ کر سکے۔ بورڈ نے پیشہ ورانہ معیار اور کھیل کی ساکھ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔
