کولمبو میں کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر گرین شرٹس کو پہلے اسکور بنانے کی ترجیح دی۔
نیوزی لینڈ کے لیے یہ میچ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ فی الحال کیویز کے 2 میچز میں 3 پوائنٹس ہیں اور انہیں سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے مزید ایک پوائنٹ کی ضرورت ہے۔ اگر نیوزی لینڈ آج کا میچ جیتتا ہے تو وہ براہِ راست فائنل فور میں پہنچ جائیں گے اور پاکستان کا میگا ایونٹ سپر ایٹ مرحلے میں ختم ہو جائے گا۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم پہلے ہی دو کامیابیوں کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی کامیابی پاکستان کے لیے سیمی فائنل کی امید کو برقرار رکھے گی۔
پاکستان کے پاس دو میچز کے بعد ایک پوائنٹ ہے اور وہ سپر ایٹ مرحلے کا آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔ اس میں کامیابی کی صورت میں پاکستان اور نیوزی لینڈ میں سے بہتر رن ریٹ والی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکے گی، لیکن یہ تب ممکن ہوگا جب آج انگلینڈ نیوزی لینڈ کو شکست دے۔
