پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین گوہر علی خان نے علیمہ خان کی جانب سے قیادت پر اٹھائے گئے سوالات کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے تحفظات اپنی جگہ ہو سکتے ہیں، تاہم انہیں پارٹی ارکانِ پارلیمنٹ پر فخر ہے جو مشکل حالات میں بھی ڈٹے ہوئے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہر رکنِ پارلیمنٹ نے پارٹی کے لیے کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کیا اور متعدد مقدمات کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق پارٹی قیادت اور منتخب نمائندوں نے سیاسی دباؤ کے باوجود وفاداری کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان سے ان کے خاندان کی محبت اپنی جگہ مسلمہ ہے، مگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی وابستگی بھی کسی سے کم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “کون ہے جو ایک ارب روپے کی پیشکش ٹھکرا دے؟” اس جملے کے ذریعے انہوں نے اشارہ دیا کہ پارٹی قیادت نے مالی و سیاسی دباؤ کے باوجود سمجھوتہ نہیں کیا۔
علیمہ خان کے 15ویں مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، عدالت شدید برہم
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بہنوں کو قیادت پر شک نہیں کرنا چاہیے کیونکہ تمام رہنما بانی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی رہائی اور قانونی جنگ کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کے بقول پارٹی میں اختلافات ہو سکتے ہیں، مگر بنیادی مقصد اور قیادت سے وفاداری پر کوئی دو رائے نہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی کے اندرونی معاملات اور خاندانی بیانات نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، تاہم قیادت کی جانب سے اتحاد کا پیغام دینے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ کارکنوں میں کسی قسم کی کنفیوژن پیدا نہ ہو۔
