خواتین اب پاسپورٹ پرخاوند کے ساتھ والد کا نام بھی لکھوا سکیں گی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی: وفاقی حکومت نے خواتین کی خودمختار قانونی شناخت کو تسلیم کرتے ہوئے پاسپورٹ کے اجرا کے نظام میں اہم تبدیلیاں نافذ کر دی ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت اب شادی شدہ خواتین اپنی مرضی سے پاسپورٹ میں اپنے والد کا نام برقرار رکھ سکیں گی۔ اس فیصلے کو خواتین کے حقوق کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے انہیں سرکاری دستاویزات میں اپنی شناخت کے تعین کا اختیار حاصل ہوگا۔

latest urdu news

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ اصلاحات عدالتی ہدایات کی روشنی میں متعارف کرائی گئی ہیں۔ اس ضمن میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ کے ایک فیصلے نے کلیدی کردار ادا کیا۔ عدالت میں دائر آئینی درخواست میں درخواست گزار مس مہر بانو لنگڑیال و دیگر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ شادی کے بعد خواتین کو والد کا نام برقرار رکھنے کا حق دیا جائے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ خواتین کو قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ میں اپنی مرضی کے مطابق نام درج کرانے کی آزادی ہونی چاہیے۔

عدالت کی ہدایات میں ایک اور درخواست کا بھی احاطہ کیا گیا، جسے بیرسٹر خدیجہ یاسمین بخاری اور دیگر نے دائر کیا تھا۔ فیصلے میں واضح کیا گیا کہ خواتین کی شناخت کو شادی سے مشروط کرنا ان کے بنیادی حقوق سے متصادم ہو سکتا ہے، اس لیے ریاستی اداروں کو ایسی سہولت فراہم کرنی چاہیے جس سے وہ اپنی ذاتی شناخت برقرار رکھ سکیں۔

محکمہ پاسپورٹس میں ریئل ٹائم مانیٹرنگ کا جدید نظام

عدالتی حکم نامے پر عمل درآمد کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے متعلقہ سرکاری اداروں سے مشاورت کا آغاز کیا۔ اس عمل کے دوران یو این پاکستان کے کنٹری نمائندے جمشید ایم قاضی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس سے ملاقات کی اور اصلاحات کے نفاذ میں تکنیکی و مشاورتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

حکام کا کہنا ہے کہ قانونی شناخت تک رسائی خواتین کی سماجی و معاشی خودمختاری کے لیے نہایت اہم ہے۔ شناختی دستاویزات میں سہولت فراہم کرنے سے خواتین کو تعلیم، روزگار، بینکاری، جائیداد اور دیگر شہری حقوق کے حصول میں آسانی ہوگی۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف صنفی مساوات کو فروغ دے گا بلکہ خواتین کو ریاستی نظام میں بااختیار بنانے کی جانب ایک مضبوط قدم ثابت ہوگا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter