لاہور میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق بے بنیاد افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک معالجین باقاعدہ طور پر اسپتال منتقل کرنے کی سفارش نہیں کرتے، اس وقت تک ایسی کوئی کارروائی ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ڈاکٹرز مشورہ دیں تو عمران خان کو ایک ماہ کے لیے بھی اسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے، لیکن فیصلہ مکمل طور پر طبی بنیادوں پر ہوگا۔
ایاز صادق نے کہا کہ اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے حقیقت کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت قانون اور ضابطوں کے مطابق فیصلے کرتی ہے، اور کسی بھی قیدی کی صحت سے متعلق اقدامات میڈیکل بورڈ کی رائے کے مطابق ہی کیے جاتے ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے ملکی معاشی صورتحال پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے کئی خطوں میں لوگ معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض ترقی یافتہ ممالک میں بھی شہری خوراک اور روزمرہ ضروریات کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں۔ ایاز صادق کے مطابق پاکستان میں مذہبی اور سماجی اقدار کی وجہ سے لوگ ایک دوسرے کا سہارا بنتے ہیں، جس سے مشکلات کا بوجھ کسی حد تک کم ہوتا ہے۔
عمران خان کی رہائی کے بعد فورس تحلیل کر دی جائے گی، یہ کوئی سیاسی ونگ نہیں: شفیع جان
انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے خطیر فنڈز خرچ کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ملک بتدریج معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اور مثبت اشاریے سامنے آ رہے ہیں۔
خارجہ اور سکیورٹی امور پر بات کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے افغانستان پر زور دیا کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی پر جارحیت نہیں چاہتا، تاہم اگر اس پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بے گناہ شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
