پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اور سینئر اداکارہ عائشہ خان 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
ان کے انتقال کی تصدیق ان کی قریبی دوست تہمینہ خالد نے کی، جن کے مطابق اداکارہ کا انتقال پانچ روز قبل کراچی میں ہوا۔
عائشہ خان کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے ابتدائی اور سنہری دور میں اپنی فنی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے متعدد یادگار اور کامیاب ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔ ان کے مشہور ڈراموں میں "افشاں”، "عروسہ”، "فیملی 93” اور "مہندی” شامل ہیں، جنہیں آج بھی کلاسیکی ڈراموں کی فہرست میں شامل کیا جاتا ہے۔
مرحومہ کا تعلق ایک فنکار گھرانے سے تھا۔ وہ معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن تھیں۔ عائشہ خان کی فنی خدمات اور ان کا وقار شوبز انڈسٹری میں ایک مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
ان کے انتقال پر فنکار برادری اور شائقین کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔