روس کا یوکرین پر سب سے بڑا ڈرون حملہ، مغربی فضائی اڈہ نشانہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کیف: روس نے یوکرین پر اپنی جنگ کے آغاز سے اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ کر دیا، جس میں مغربی یوکرین میں ایک اہم فوجی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔

یوکرینی فضائیہ کے ترجمان یوری انہات نے ایک مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتایا کہ یہ حملہ خاص طور پر ایک "آپریشنل فضائی اڈے” کو ہدف بنانے کے لیے کیا گیا، جو یوکرین کی مغربی سرحد کے قریب واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مقامات پر حملے کامیاب رہے ہیں، تاہم نقصان کی تفصیلات فی الحال نہیں بتائی گئیں۔

latest urdu news

یوکرینی حکام کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والا یہ فوجی اڈہ شہر ڈوبنو میں واقع ہے، جو پولینڈ کی سرحد سے صرف 60 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ اس حملے کے بعد خطے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ پولینڈ کی مسلح افواج کے مطابق پیر کی صبح ان کے اور نیٹو اتحادیوں کے جنگی طیارے فوری طور پر فضائی نگرانی اور تحفظ کے لیے متحرک کر دیے گئے۔

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق یوکرینی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کی جانب سے داغے گئے 479 ڈرونز میں سے 460 اور 20 میزائلوں میں سے 19 کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ تاہم اتنی بڑی تعداد میں حملے ظاہر کرتے ہیں کہ روس یوکرین کے اہم انفرا اسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب یوکرین نے حالیہ ہفتوں میں روس کے اندر گہرائی تک جا کر روسی فضائی اڈوں پر کامیاب حملے کیے تھے، جن میں متعدد بمبار طیارے تباہ کیے گئے۔ روسی وزارت دفاع نے اس تازہ حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی کیف کی جانب سے روسی اہداف پر کیے گئے حالیہ حملوں کا "جوابی ردعمل” ہے، اور تمام مقررہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

اس حملے کے بعد یوکرین میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ مغربی سرحدی علاقوں میں نیٹو اور یورپی ممالک کی تشویش میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter