وزیراعلیٰ پنجاب Maryam Nawaz نے صوبے میں جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے باعث عوامی سہولت کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو شہریوں کے لیے ٹھنڈے پانی اور سائے کے مناسب انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق تمام شہروں کے اہم چوکوں، چوراہوں اور عوامی مقامات پر شیڈز اور سائے کا بندوبست کیا جائے تاکہ دھوپ اور گرمی کی شدت سے لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے ویگن اسٹینڈز، بس ٹرمینلز اور ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کی سہولت کے لیے ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور ایئر کولرز کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کو بھی ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے تعلیمی اداروں میں جاری سمر کیمپوں کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اور اساتذہ کے لیے پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کے ساتھ پنکھوں اور کولرز کا انتظام لازمی بنایا جائے۔
شہریوں کو بڑی سہولت: حکومت کا ڈور اسٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس متعارف کرانے کا فیصلہ
انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ شدید دھوپ میں موٹر سائیکل سواروں کو بلاوجہ نہ روکا جائے، جبکہ خاندان یا بچوں کے ساتھ سفر کرنے والوں کو ممکنہ حد تک گرمی میں انتظار کروانے سے گریز کیا جائے۔
مریم نواز شریف نے عوام سے بھی اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں اور خصوصاً خواتین، بزرگوں اور بچوں کی صحت اور حفاظت کا خصوصی خیال رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
