غزہ پر اسرائیلی بمباری سے 70 فلسطینی جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

عید قربان کی آمد کے باوجود غزہ میں اسرائیلی مظالم جاری، 24 گھنٹوں میں 70 فلسطینی شہید، متعدد زخمی، امدادی سرگرمیاں بھی متاثر۔

latest urdu news

غزہ میں عید قربان کی آمد مظلوم فلسطینیوں کے لیے مزید قربانیوں کا پیغام لے کر آئی، جہاں اسرائیلی افواج کی بمباری نے ایک بار پھر انسانی جانوں کا بہیمانہ قتل عام کیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں صیہونی درندگی کے نتیجے میں کم از کم 70 فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق، غزہ کے علاقے المواسی میں قائم خیمہ بستی کو اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں 6 افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے، اسی طرح زیتون کے علاقے میں ایک گھر پر فضائی حملے کے دوران 3 مزید فلسطینی شہید ہوئے۔

ادھر غزہ شہر کے الاحلی ہسپتال پر کی گئی بمباری میں 3 فلسطینی صحافی شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا، الشفاء ہسپتال کے قریب خیموں پر ہونے والے فضائی حملے میں بھی کئی افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

امریکی امدادی اداروں کی زیرِ نگرانی خوراک کی تقسیم کا نظام بھی اسرائیلی حملوں کے باعث معطل ہو چکا ہے، جس سے ہزاروں بےگھر افراد فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں۔

امدادی سرگرمیوں کو نشانہ بنانا اسرائیل کی حالیہ حکمت عملی کا حصہ دکھائی دیتا ہے، جیسا کہ عرب وزرائے خارجہ کے قافلے کو روکنے اور امریکی امدادی مرکز پر حملے کی تفصیلات سے واضح ہوتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حماس کے نئے عسکری سربراہ عزالدین الحدید کو شہید کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ عزالدین الحدید کو حال ہی میں شہید محمد سنوار کی جگہ القسام بریگیڈ کی قیادت سونپی گئی تھی، تاہم، اب تک حماس نے نہ تو عزالدین الحدید اور نہ ہی محمد سنوار کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

یاد رہے کہ 7اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت کے بعد سے غزہ مسلسل بمباری، محاصرے اور غذائی قلت کا شکار ہے، لاکھوں فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں، ہزاروں شہید اور زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ دنیا کی خاموشی اس المیے کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter