کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی پارکنگ میں لفٹنگ کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی ہائبرڈ کار میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئی۔ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق جناح ٹرمینل آنے والے ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی گاڑی ممنوعہ پارکنگ ایریا میں کھڑی کی تھی۔ ایئرپورٹ کی پارکنگ کا انتظام چلانے والی نجی کمپنی کی جانب سے نو پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھایا جاتا ہے اور اس پر بھاری جرمانے بھی وصول کیے جاتے ہیں۔
لفٹنگ کے دوران گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی کمپنی کے لفٹر آپریٹر نے جیسے ہی گاڑی کو اٹھایا تو اس میں اچانک آگ لگ گئی۔ لفٹر ڈرائیور جلتی ہوئی کار کو دوسری گاڑیوں سے دور لے جانے میں کامیاب رہا اور اسے پارکنگ کے ایک سنسان مقام پر پہنچا دیا۔
تاہم، ایئرپورٹس اتھارٹی کے فائر فائٹرز کے پہنچنے تک گاڑی مکمل طور پر جل چکی تھی۔
عینی شاہدین نے جیو نیوز کو بتایا کہ متاثرہ گاڑی ہائبرڈ تھی اور لفٹنگ کے دوران اس کی وائرنگ شارٹ ہونے سے حساس بیٹریوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ ایئرپورٹ حکام نے بھی تصدیق کی کہ گاڑی کو لفٹنگ کے دوران آگ لگی۔
ریاض ایئرپورٹ کی 10 روزہ بندش کے بعد پروازیں متبادل ذرائع سے شروع
لفٹر آپریٹرز کی تربیت پر سوالات
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لفٹر آپریٹرز غیر تربیت یافتہ ہیں، جس کے باعث گاڑیاں اٹھانے کے دوران انہیں اکثر نقصان پہنچتا رہتا ہے۔ ذرائع نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بھاری جرمانے وصول کرنے کے لیے بعض اوقات غیر ضروری طور پر گاڑیاں اٹھائی جاتی ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ متاثرہ گاڑی کے مالک نے نجی کمپنی کے خلاف نقصان کے ازالے کا دعویٰ کردیا ہے۔
پارکنگ میں آگ بجھانے کے انتظامات پر تشویش
جناح ٹرمینل کی پارکنگ میں بیک وقت سیکڑوں گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق وہاں فائر ہائیڈرینٹس موجود نہیں اور نہ ہی آگ لگنے کی صورت میں اس پر فوری قابو پانے کے لیے کوئی دوسرا مناسب انتظام ہے۔
واقعے نے ایئرپورٹ کی پارکنگ میں گاڑیوں کی حفاظت، لفٹنگ کے طریقہ کار اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ماخذ: جیو نیوز اردو کی رپورٹ
