عالمی امن کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اور تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے: خواجہ آصف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام کے لیے اجتماعی شعور، مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پائیدار امن کے لیے صرف جنگ کا خاتمہ کافی نہیں بلکہ انسانی سلامتی کو بھی ترجیح دینا ہوگی۔

latest urdu news

یورپی پارلیمنٹ برسلز میں شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی امن، سلامتی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا فعال کردار عالمی سطح پر ملک کی قربانیوں اور خدمات کا ثبوت ہے۔

اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا کردار

وزیر دفاع نے بتایا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران 48 اقوام متحدہ امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ عالمی امن مشنز کے دوران 183 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز کی تعداد میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات میں مزید اضافہ کرسکتی ہے۔

ان کے مطابق امن مشنز کے مینڈیٹ حقیقت پسندانہ ہونے چاہئیں، انہیں مناسب وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں اور ان کا مقصد دیرپا سیاسی حل کے حصول سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔

امن مشنز میں فوجی دستے فراہم کرنے والے ممالک کی نمائندگی ضروری

خواجہ آصف نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کے مینڈیٹ کی تشکیل میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امن محض جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ پائیدار استحکام کے لیے انسانی سلامتی کو بنیادی اہمیت دینا ضروری ہے۔

چین کا امریکا پر شدید ردعمل، ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی امن کیلئے خطرہ قرار

موسمیاتی تبدیلی اور معاشی عدم تحفظ کے عالمی اثرات

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوری دنیا میں تنازعات کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے لیے دیرینہ تنازعات کا حل بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نکالنا ضروری ہے۔

خواجہ آصف نے تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق وعدوں کے ساتھ ترقیاتی اہداف پورے کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

عالمی امن کے لیے پاکستان کے کردار کی پیشکش

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ایک جامع اور مؤثر کثیرالجہتی عالمی نظام کے قیام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر انسانی وقار، انصاف اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

ماخذ: جیو نیوز اردو کی رپورٹ

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں