مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی( اے این پی)سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ مدارس بل پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ دھوکا نہیں ہاتھ ہوگیا ، بہت زیادتی کی گئی۔
ایمل ولی خان نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کے دوران کہا کہ حکومت میں اورسابق وزیراعظم عمران خان میں کوئی فرق نہیں ۔
سینیٹر نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان بھی وعدے کرکے دھوکا کرتے تھے ، اب حکومت پر یقین کون کرے گا، مدارس بل پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ دھوکا نہیں ہاتھ ہوگیا۔
اس سوال پرکہ کیا سربراہ مولانا فضل الرحمان کیساتھ صدر زرداری نے دھوکا کیا؟ ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ دھوکا تو سسٹم کر رہا ہے ، زرداری صاحب تو کرسی پر بیٹھے ہیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت کی جانب سے مدارس رجسٹریشن بل پر اعتراضات لگائے گئے ہیں، صدر مملکت نے اعتراض کیا کہ بل کے قانون بننے سے مدارس اگر سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹر ہوں گے تو ایف اے ٹی ایف اور جی ایس پی سمیت دیگر پابندیوں کا خدشہ ہے۔
مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹیز ایکٹ کے ذریعے شروع کی گئی تو قانون کی گرفت کم ہوسکتی ہے پھر قانون کم اور من مانی زیادہ ہوگی۔
اس متعلق مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو ڈیڈ لائن دی تھی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ 17 دسمبر کو وفاق اور تنظیمات المدارس کا اجلاس 17 دسمبر کو بلایا ہے جس میں لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 17 دسمبر کو بلائے جانے کا امکان ہے، جس میں مدارس رجسٹریشن بل کی منظوری متوقع ہے۔
