ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گیس سلینڈر دھماکے کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد افراد متاثر ہوئے۔ واقعے کے بعد پاکستانی سفارت خانہ فوری طور پر متحرک ہو گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ سعودی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم واقعے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
پاکستانی سفارت خانے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتوں کی وطن واپسی، ضروری سفری دستاویزات اور دیگر قانونی کارروائی کے لیے سعودی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ اور مکمل تعاون جاری ہے۔
سفارت خانے کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سفارتی معاونت فراہم کی جائے گی اور تمام ضروری امور جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، اور ایسے حادثات کی صورت میں پاکستانی سفارت خانہ متاثرہ شہریوں اور ان کے اہلِ خانہ کی معاونت کے لیے فوری اقدامات کرتا ہے۔
سعودی حکام کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد دھماکے کی وجوہات اور مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔
