کاکروچ جنتا پارٹی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نشانے پر، بانی نے ہیکنگ کا الزام لگا دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت میں سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے والی “کاکروچ جنتا پارٹی” ایک نئے تنازع کا شکار ہو گئی ہے۔ پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ذاتی انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے جبکہ پارٹی کے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی مختلف مسائل کا سامنا ہے۔

latest urdu news

ابھیجیت دیپکے کے مطابق وہ کئی مرتبہ اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بحال کرنے کی کوشش کر چکے ہیں، تاہم ہر بار ناکامی ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام کی جانب سے اکاؤنٹ کو سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر لاک کیے جانے کا پیغام موصول ہو رہا تھا، جس میں شناخت کی تصدیق اور نیا پاس ورڈ بنانے کی ہدایت دی گئی تھی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے خلاف منظم کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق نہ صرف ان کا ذاتی انسٹاگرام بلکہ پارٹی کا بیک اپ اکاؤنٹ بھی عارضی طور پر معطل کیا گیا جبکہ مرکزی ایکس اکاؤنٹ پہلے ہی بند کیا جا چکا ہے۔

دیپکے نے اپنے حامیوں کو خبردار کیا کہ اس وقت پارٹی کی کسی بھی آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم تک رسائی موجود نہیں، لہٰذا بعد میں سامنے آنے والی کسی بھی پوسٹ کو پارٹی کا باضابطہ مؤقف نہ سمجھا جائے۔

اس سے قبل پارٹی کا مرکزی ایکس اکاؤنٹ بھی بند کیا گیا تھا، تاہم گروپ نے فوراً “کاکروچ از بیک” کے نام سے نیا اکاؤنٹ بنا لیا۔ نئے اکاؤنٹ پر طنزیہ انداز میں مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ “کیا آپ نے سوچا تھا کہ آپ ہم سے جان چھڑا لیں گے؟”

چند روز قبل طنزیہ آن لائن مہم کے طور پر شروع ہونے والی یہ تحریک اب بھارت کی تیزی سے ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل سیاسی مہم بن چکی ہے۔ سوشل میڈیا پر نوجوان نسل اس پلیٹ فارم کو بے روزگاری، امتحانی بے ضابطگیوں اور سیاسی احتساب جیسے موضوعات اجاگر کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

آسام میں مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف پرتشدد مظاہرے، ہلاکتیں رپورٹ

دلچسپ بات یہ ہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی نے انسٹاگرام پر فالوورز کے اعتبار سے حکمران جماعت بی جے پی اور کانگریس کو بھی پیچھے چھوڑنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد اس تحریک پر سیاسی بحث مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔

تاہم اس تحریک کو تنقید کا سامنا بھی ہے۔ بعض حلقے اسے قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے رہے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر اس کے بیرونی روابط یا اپوزیشن جماعتوں کی حمایت کے الزامات بھی گردش کر رہے ہیں، اگرچہ ان دعوؤں کے حق میں کوئی واضح ثبوت سامنے نہیں آیا۔

کاکروچ جنتا پارٹی کی بنیاد بوسٹن میں مقیم ابھیجیت دیپکے نے رکھی، جو ماضی میں عام آدمی پارٹی کی سوشل میڈیا مہمات سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔ یہ تحریک نوجوانوں کے مسائل، انتخابی اصلاحات، خواتین کے حقوق اور تعلیمی نظام میں شفافیت جیسے موضوعات کو اپنا مرکزی ایجنڈا قرار دیتی ہے۔

یہ تحریک اس وقت منظرعام پر آئی جب چیف جسٹس آف انڈیا سوریا کانت کے ایک مبینہ بیان پر سوشل میڈیا میں شدید ردعمل سامنے آیا۔ بعد میں چیف جسٹس نے وضاحت دی کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، تاہم معاملہ دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑی آن لائن سیاسی مہم میں تبدیل ہو گیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter