بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ ٹیم کے اہم لیگ اسپنر شاداب خان فٹنس مسائل کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق شاداب خان کے کندھے میں تکلیف پائی گئی ہے اور امکان ہے کہ انہیں سرجری کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق اسکواڈ کا باضابطہ اعلان چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی منظوری کے بعد جلد کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسکواڈ کی تشکیل میں کپتان سلمان علی آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے قریبی مشاورت کی ہے، جس کے نتیجے میں نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ ترجیح دی گئی ہے۔
قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز 7 جولائی سے کراچی میں ہوگا، جبکہ کوچ مائیک ہیسن 6 جولائی کو پاکستان پہنچیں گے۔ ٹیم 16 جولائی کو ڈھاکہ روانہ ہوگی، جہاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز 20، 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔
اس کے بعد پاکستانی ٹیم امریکہ روانہ ہوگی، جہاں مزید تین ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔ ان میچز کے بعد ٹیم امریکہ میں ہی ون ڈے میچز بھی کھیلے گی۔
پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ مجوزہ ون ڈے میچز کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تبدیل کر دیا جائے، تاہم اس پر حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا۔
بنگلہ دیش کے خلاف یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے خود کو منوانے کا سنہری موقع ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ شاداب خان کی غیر موجودگی ٹیم کی اسپن بولنگ میں ایک واضح خلا چھوڑ جائے گی۔