اسلام آباد،وزیراعظم شہباز شریف کل بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل اسلام آباد میں اہم کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے، جس میں کابینہ کے اراکین سمیت 336 بڑے کاروباری شخصیات شرکت کریں گی۔
اس ملاقات کے دوران وزیراعظم پاور سیکٹر میں اصلاحات پر اعتماد میں لیں گے اور بجلی کے نرخوں میں ممکنہ کمی سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے حکومت کی درخواست پر بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی، جس کے بعد حکومت نے نیپرا کو بجلی سستی کرنے کی باضابطہ درخواست دے رکھی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالفطر پر زائد کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف مہم جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ عید تعطیلات ختم ہونے پر مسافروں کی واپسی کے پیش نظر مقررہ کرایوں کی وصولی یقینی بنائی جائے، لاہور اور دیگر شہروں میں مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
