لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 24 جولائی تک صوبے کے مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اس وقت پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ کے کالا باغ اور دریائے چناب کے خانکی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ کالا باغ پر پانی کی آمد 2 لاکھ 69 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ خانکی کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 13 ہزار کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 6 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان کے مطابق دریائے چناب کے مرالہ، قادر آباد، تریموں اور پنجند، دریائے راوی کے جسڑ، شاہدرہ، سدھنائی اور بلوکی، دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام جبکہ دریائے سندھ کے تربیلا، تونسہ اور چشمہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے۔
این ڈی ایم اے کی نئی وارننگ، مون سون بارشوں کی شدت 50 فیصد زیادہ، اربن فلڈنگ کا خدشہ
پی ڈی ایم اے نے ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس کے مطابق ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دریاؤں، نہروں اور برساتی ندی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت اور سیر و تفریح سے گریز کریں۔
