پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر 2026 سے جنوری 2027 کے دوران کرانے پر اتفاق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، دونوں فریقوں نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران انتخابات کرانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کرلیا۔

latest urdu news

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں کمیشن کے ارکان اور پنجاب حکومت کی چار رکنی کابینہ کمیٹی نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے لیے موزوں تاریخوں اور انتخابی عمل سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی نظام کا قیام اور انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے، جبکہ متعلقہ قانون کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی مدت ختم ہونے کے بعد مقررہ مدت میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پُرعزم ہیں اور صوبائی حکومت نے انتخابی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق انتخابات کے لیے ضروری وسائل اور انتظامات مکمل کرنے کے لیے مناسب وقت درکار ہے۔

صوبائی حکومت نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کا عرصہ انتخابات کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس دوران بچوں کے امتحانات مکمل ہوچکے ہوں گے اور دھند کا مسئلہ بھی نسبتاً کم ہوگا، جبکہ انتخابی عمل کے لیے تدریسی عملے کی خدمات بھی حاصل کی جا سکیں گی۔

چیف سیکریٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی خواہاں ہے تاکہ ہر مرحلے میں مناسب سیکیورٹی اور انتظامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

الیکشن کمیشن نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران انتخابات کرانے کی صوبائی حکومت کی تجویز سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پنجاب حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے تو اپنا مکمل منصوبہ جلد الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرے تاکہ اس پر مزید مشاورت کی جا سکے۔

چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی کابینہ کمیٹی کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پیش رفت سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور ایک اہم آئینی ذمہ داری کی تکمیل کی راہ ہموار ہوگی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter