وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان میں عالمی شہری ترقیاتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر صرف سڑکوں اور عمارتوں کا نام نہیں بلکہ انسانی ترقی، بہتر معیارِ زندگی اور خوشحالی سے جڑے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام اور قیادت کی جانب سے محبت اور خیرسگالی کا پیغام لے کر آئی ہیں اور آذربائیجان کی قیادت کی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر اظہارِ تشکر کرتی ہیں۔ مریم نواز کے مطابق صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان نے قابلِ تحسین ترقی کی ہے، جبکہ بانی صدر حیدر علیوف پاکستان کے مخلص دوست تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں مختلف چیلنجز کے باوجود ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی اور معاشی اعداد و شمار اکٹھے کرنے کیلئے پنجاب اکنامک رجسٹری سروے شروع کیا گیا ہے تاکہ عوامی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کی جا سکے۔
پنجاب میں ترقی صرف نعروں تک محدود نہیں، عملی کام نظر آ رہے ہیں: عظمیٰ بخاری
انہوں نے مزید کہا کہ رہائشی مسائل کے حل کیلئے "اپنی چھت اپنا گھر” منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب کے دو ہزار دیہاتوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق دیہی علاقوں کی ترقی اور شہری سہولیات کی یکساں فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ رابطوں کو بہتر بنانے کیلئے شاہراہوں اور بنیادی ڈھانچے کو جدید بنایا جا رہا ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے جا رہے ہیں۔
