لاہور: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف 7 اگست کو ملک بھر میں بڑے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز اہم شاہراہوں اور مرکزی سڑکوں پر دھرنے دیے جائیں گے، جبکہ ایمرجنسی صورتحال کے پیشِ نظر صرف ایمبولینسز کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔
ملک گیر احتجاجی مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام بڑی تعداد میں گھروں سے نکلیں اور نوجوان موٹر سائیکل ریلیوں کے ذریعے احتجاج میں بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج پرامن اور جمہوری ہوگا، تاہم اس کا مقصد حکومت پر عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے مؤثر دباؤ ڈالنا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو پیٹرولیم لیوی واپس لینا چاہیے اور آئی پی پیز کے معاہدوں پر بھی ازسرِنو غور کرنا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید بتایا کہ احتجاجی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے ملک بھر میں تقریباً 20 ہزار کارنر میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے تاجروں، وکلا، طلبہ، مزدوروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر زور دیا کہ جماعت اسلامی کی پرامن سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔
