ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں طوفانی بارش اور طغیانی کے باعث مختلف حادثات پیش آئے ہیں۔ صوابی میں چھت گرنے سے باپ اور بیٹی جاں بحق جبکہ ماں اور بیٹا زخمی ہوگئے، دوسری جانب ایک شہری برساتی نالے میں ڈوب گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
ہم نیوز کے مطابق صوابی کے علاقے ٹوپی کے محلہ آزاد خیل میں بارش کے باعث پڑوسی کی دیوار قریبی گھر کی چھت پر جاگری، جس کے نتیجے میں باپ اور بیٹی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں ماں اور بیٹا بھی زخمی ہوئے، جنہیں مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے نکال کر ٹوپی اسپتال منتقل کردیا۔
دوسری جانب صوابی کے علاقے دو بیان کا رہائشی شفیق برساتی نالے میں ڈوب گیا، جس کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ علاقے منصبدار میں طغیانی کے باعث پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس سے متعدد افراد گھروں میں محصور ہوگئے جبکہ رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئیں۔
قمرگی، ترکئی، لنڈی چم اور ڈھنڈوقہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی طغیانی کے باعث صورتحال متاثر ہوئی ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ریسکیو 1122 صوابی کے مطابق بارش اور طغیانی کے پیش نظر تمام امدادی ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
علاوہ ازیں 14 اگست کو ہنڈ صوابی اور چارسدہ میں ڈوبنے والے آخری شخص کی میت نوشہرہ سے مل گئی، جس کے بعد سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا۔ حادثے کا شکار ہونے والوں میں مردان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے باپ اور دو بیٹے بھی شامل تھے۔
ملک بھر میں طوفانی بارشیں، کئی مقامات پر سیلابی صورتحال
دوسری جانب مری میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ ڈی پی او مری نے لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر سیاحوں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور زیرآب سڑکوں پر گاڑیاں چلانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ تین روز سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی صورتحال متاثر ہوئی اور متعدد مقامات پر شہریوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
