پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف باقی دونوں میچز جیتنے کی امید ظاہر کی ہے۔
3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ امام الحق دائیں پاؤں میں چوٹ کے باعث پہلا میچ نہیں کھیل سکے تھے۔
میڈیا سے گفتگو میں امام الحق نے کہا کہ جو کچھ ہو چکا، اس پر زیادہ بات نہیں کی جا سکتی، لیکن انہیں پورا یقین ہے کہ ٹیم سیریز کے باقی دونوں میچز جیتے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کنڈیشنز میں بیٹنگ کا آغاز مشکل ہوتا ہے، لیکن ہمیں یہاں خاصی پریکٹس مل چکی ہے، پچ پر باؤنس ہوتا ہے، لیکن اگر 15 سے 20 گیندیں کھیل لی جائیں تو رنز بننا شروع ہو جاتے ہیں،سیریز میں ہمارا بولنگ اٹیک نیا ہے، نسیم شاہ اور حارث رؤف کے علاوہ زیادہ تر بولرز کم تجربہ کار ہیں۔
اوپنر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں، جو پہلے بھی پاکستان کو کئی میچز جتوا چکے ہیں، ایک وقت میں ون ڈے فارمیٹ میں ہماری ٹیم بہت مضبوط تھی، جو کچھ ماضی میں ہو چکا، اسے بھلا دینا چاہیے، یہ ٹیم کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نےکہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد ٹیم کے مورال میں کمی آئی، لیکن مشکل کنڈیشنز میں لڑ کر حاصل کی گئی کامیابی سے ٹیم کا حوصلہ بڑھے گا۔
اپنی کارکردگی کے حوالے سے امام الحق نے کہا کہ وہ گزشتہ 6 سے 8 سال سے کھیل رہے ہیں، اور جب ٹیم میں جگہ نہیں بنتی تو سیکھنے کا موقع ملتا ہے،انہوں نے 6 سے 7 ماہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی، جو ان کے لیے مددگار ثابت ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ بڑے اہداف مقرر کرنے کے بجائے ہر میچ میں اپنی کارکردگی سے ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ کل کھیلا جائے گا۔