کراچی،سینیٹر فیصل واڈا کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کی منظوری کے وقت خان صاحب کو منع کیا کہ اس پر مقدمہ ہوگا اور جیل کی سزا ہوگی، پہلے ہی بتایا تھا کہ اس کیس پر سزا ہوگی۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ڈھائی سال سے بتارہا ہوں ، عمران خان کی پارٹی میں ان کے رشتے دار جیل میں قتل کی سازش کررہے ہیں، اب سوشل میڈیا سے یہ باتیں باہر آچکی ہیں، جیل میں ایسا کچھ ہوا تو سیاست پر اس کے اثرات 50 سال تک رہیں گے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مقدمات میں تاخیر پر پروپیگنڈا کیا گیا، 190 ملین پائونڈ کی منظوری کے وقت عمران خان کو منع کیا کہ اس پر مقدمہ ہوگا اور جیل کی سزا ہوگی، ہر جرم کی سزا ہوتی ہے، کوئی نہیں مانے گا کہ دوسروں نے فائدہ اٹھایا سزا آپ کو بھگتنا پڑے گا۔
سینیٹر کا کہنا ہے کہ اس سارے ڈرامے کی آنیوالے دنوں میں ہوا نکل جائیگی، پہلے ہی بتایا تھا کہ اس کیس پر سزا ہوگی،مقبول ہونے کا مطلب نہیں کہ خود کو آسمانی مخلوق سمجھیں۔
آپ نے دھرنے احتجاج 9 مئی کو ریاست اور ریاستی اداروں کو پامال کیا، میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ ان کی باتوں پر نہ جائیں یہ آپ کو جیل میں رکھنا چاہتے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ نہ کوئی مذاکرات ہورہے ہیں نہ کوئی اندرونی بیرونی پریشر ہے، جرم کی سزا ہونی ہے اور ہوگی، یہ جرم ان سے کرایا گیا، ہماری پولیس ایف سی نے خون کی قربانی دی۔
سینیٹر نے کہا کہ ہمارے جوانوں کی قربانی کا رنگ ہمارے پرچم میں نمایاں ہونیوالا ہے،ہمیں ایک سپہ سالار ملے جن پر بین الاقوامی سطح پر اعتماد حاصل ہے ، بیک ڈور ڈپلومیسی کے تحت آنیوالے دنوں میں پاکستان خطے میں نمایاں کردار ادا کرے گا، پہلے ہم سے ڈو مور کہا گیا۔
فیصل واڈا کا کہنا ہے کہ سپہ سالار اس مقام پر پاکستان کو لے آئے کہ پاکستان کے لیے کیا ہے، 20 جنوری پر آنکھیں رکھنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑ ے گا، فوج کی قربانی قوم کو نظر آئیگی۔
