اسلام آباد، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کا عمل مثبت سمت میں جاری ہے، بات چیت سے ہی راستے نکلتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ گزشتہ سال خوشخبریوں کا سال رہا ہے، 2025 سیاسی استحکام کا سال ہو گا، اڑان پاکستان ایک وژن ہے جس میں کھیل بھی شامل ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ہم نے اڑان پاکستان پروگرام سے شاہین کی طرح ٹیک آف کرنا ہے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان آرہی ہے، پاکستانیوں کیلئے یہ بہت بڑا ایونٹ ہے، ہم بہت عرصے بعد چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہے ہیں، ہم تمام ٹیموں کی بھرپور میزبانی کریں گے، پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ بحال ہوگی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہمارے پاس کرکٹ گراؤنڈز کا انفراسٹرکچر بھی موجود ہے، قذافی ا سٹیڈیم سمیت دیگر گراؤنڈز میں کام جاری ہے،وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں، وزیرداخلہ نے بطور چیئرمین پی سی بی بڑے ریفارمز کیے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب بغیر ثبوتوں کے سیاسی باتیں زیادہ کی جارہی ہیں، انٹرنیٹ میں بہتری ہے آئندہ دنوں میں مزید آئے گی۔
دنیا میں سستا ترین انٹرنیٹ پاکستان میں ہے، دنیا کے کسی ملک میں اس طرح کے ڈیٹا پیکجز نہیں ہوتے۔
