وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا ہوچکا اور مشکل فیصلے کرچکے ہیں مگر آگے کا سفر بھی آسان نہیں۔
یوم تعمیر و ترقی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا تھاکہ تنخواہ دار طبقے نے 300ارب روپے قومی خزانے میں دیے، حکومتی اقدامات کی وجہ سے مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی ہے، آئی ایم ایف سے معاہدہ ممکن ہوا اور ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آج ہم دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوچکے ہیں، آج کاروباری برادری یہاں موجود ہے، آگے بھی سفر آسان نہیں ہے، کاروباری برادری نے مشورے دینے ہیں کیسے ترقی کرنی ہے، کاروباری برادری کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لیے سب اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، پچھلے 10 ماہ میں ہم آپ کی دعاؤں سے یہاں پہنچے ہیں، کاروباری برادری کی بات سنی جائے گی، ایف بی آر میں ہم دن رات کام کررہے ہیں، چینی برآمد کی اگر نہ کرتے تو یہ اسمگل ہوجاتی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مایوس ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ہم محنت کریں گے ترقی کریں گے، پاکستان نے ایک سال میں اندھیروں سے اجالے کی طرف سفر کیا، معاشی ترقی کاسفر اجتماعی کاوش کا نتیجہ ہے، 2023 میں آئی ایم ایف پروگرام خدشات کا شکار تھا، مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کو مشکلات کا سامناکرناپڑا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ستمبر میں آئی ایم ایف کے ساتھ 7 ارب ڈالر کا معاہدہ ہوا، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد تنخواہ دار طبقے کواضافی ٹیکس برداشت کرناپڑا، جنوری میں مہنگائی کی شرح 2.4 فیصد تک آچکی ہے، ٹیم کی کاوشوں کی مدد سے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا ہوچکا، معاشی ترقی کا سفر جاری ہے، معاشی میدان میں پاکستان دوبارہ ٹیک آف کرنے کیلئے تیار ہے، معیشت کی بہتری کیلئے ہم نے سخت فیصلے کیے۔
