لاہور،وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بھی بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی انتشار اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ حکومتی وسائل کے استعمال اور سرکاری ملازمین کی جلسہ گاہ حاضریاں لگا کر بھی 5 ہزار بندے اکٹھے نہیں کر سکے، جنید اکبر اپنے پہلے امتحان میں ہی بری طرح فیل ہوگئے ہیں جبکہ علی امین گنڈاپور نے حسب روایت لچرپن سے بانی پی ٹی آئی کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب کے کسی ضلع سے لوگ نہیں نکلے اور جو نکلے وہ بھی صرف دکھاوے کیلئے گرفتاریاں دینے آئے تاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سامنے نمبر بنا سکیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ 9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتوں کے بعد عوام احتجاجی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں، خیبرپختونخوا کے نوجوانوں نے بھی دیکھ لیا ہے کہ پنجاب کے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس اور اسکالرشپ مل رہے ہیں، لہٰذا انہیں بھی یہی سہولتیں ملنی چاہئیں۔
عظمیٰ بخار ی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ انشاء اللہ جلد ہی مریم نواز خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بھی اسکالرشپ فراہم کریں گی۔
عظمیٰ بخاری کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ویژن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان دوبارہ ایک طاقتور ملک کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھر رہا ہے۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ طاقتور بحریہ سمندری تجارت کے تحفظ کی ضامن ہے۔
پاک بحریہ کی امن مشقوں کے تیسرے روز کراچی میں محفوظ سمندر،خوشحال مستقبل کے عنوان سے پہلے امن ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ،جس میں امن ڈائیلاگ میں شریک ممالک کی بحری افواج کے چیف آف نیول سٹاف اوردیگر عہدیدار شریک ہوئے جبکہ وزیردفاع خواجہ آصف تقریب کےمہمان خصوصی تھے۔
