335
راولپنڈی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے عید الفطر کے موقع پر جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا اور ڈیرہ اسماعیل خان کے چکّن کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق، آرمی چیف نے مغربی سرحد پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ عید منائی اور ان کے ساتھ عید کی نماز ادا کی۔
نمازِ عید کے بعد جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے دعا کی اور فوجی جوانوں کی بے لوث قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی قربانیاں ملک کی سلامتی اور استحکام کا بنیادی ستون ہیں اور یہ جذبہ پاکستان سے آپ کی گہری وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔
آرمی چیف نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف ان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ امن اور استحکام کے قیام کے لیے ان کی جدوجہد ہی ہماری کامیابی کی بنیاد ہے۔
