وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ضلع لکی مروت، ضلع کرک اور ضلع خیبر میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں یہ بتایا گیا کہ وزیراعظم پاکستان نے ان آپریشنز میں ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 30 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 30 خوارج کو ہلاک کردیا تھا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق 24 اور 25 جنوری کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 الگ الگ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 30 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ضلع لکی مروت میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس آپریشن کیا گیا،جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور 18 خوارج کو ہلاک جبکہ 6 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
دوسری انٹیلی جنس کارروائی ضلع کرک میں کی گئی ،جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک ہوئے اسکے علاوہ تیسری جھڑپ خیبر ضلع کے عمومی علاقے باغ میں ہوئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے 4 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
باغ میں دو طرفہ فائرنگ میں ہلاک ہونیوالوں میں خارجی رہنما عزیز الرحمن عرف قاری اسماعیل اور خارجی مخلص بھی شامل تھے، جبکہ 2 خوارج زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ مارے جانے والے دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
