ڈی آئی خان ، سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کی جان کو خطرہ لاحق ہونے کے پیش نظر پولیس نے تھریٹ لیٹر جاری کر دیا ہے۔
پولیس کےجاری کردہ مراسلے میں مولانا فضل الرحمان کو سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے یہ بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گرد انہیں مذہبی اور سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے نشانہ بنا سکتے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈی آئی خان پولیس نے مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی نقل و حرکت کو محدود رکھیں اور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں۔
یہ تھریٹ لیٹر ایسے وقت میں جاری کیا گیا کہ جب ملک میں امن و امان کی صورتحال حساس ہے اور سیاسی رہنماؤں کو مختلف سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔
پولیس نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت 61 سالوں سے حکمرانی کی آڑ میں کرپشن کررہی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران رہنما ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ میں کہیں پر آئین اور قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی، سندھ حکومت کا ظلم اور نا انصافی کا سلسلہ جاری ہے، سندھ حکومت اقتدار کی آڑ میں بدعنوانی اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
