لاہور، پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ بنیادی طور پر سیاسی نوعیت کا ہے، نواز شریف کو آگے بڑھنا چاہیے، سیاسی قیادت ان کے ساتھ ہوگی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وہ عید کے بعد نواز شریف سے جاتی امرا میں ملاقات کریں گے، بلوچ قیادت کو اعتماد میں لے کر مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف نے اپنی حکومت کے دوران بلوچ قیادت پر بھروسہ کیا تھا، دہشت گردی کے خلاف فوج کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، قومی قیادت کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فوج ملک کی سلامتی کی ضامن ہے اور قوم اس کی پشت پر ہے، دشمن کے عزائم کسی سے پوشیدہ نہیں، ہمیں حقیقت کا ادراک کرنا ہوگا، بلوچستان کی معاشی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے دشمن اسے نشانہ بنا رہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو عوام کی معاشی بہبود کو ترجیح دینی چاہیے، سیاست میں دشمنی کے رجحان کو ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا، ورنہ سیاسی کشیدگی کم نہیں ہوگی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپوزیشن سے بھی بات چیت ضروری ہے۔
