اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی الحال کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ نرخ برقرار رکھنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
وزارت توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں آئندہ حکم تک برقرار رہیں گی۔
یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی تھی۔ اس فیصلے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 299 روپے 50 پیسے مقرر کی گئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 67 روپے فی لیٹر سستا ہونے کے بعد 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر پر فروخت کیا جا رہا ہے۔
حکومت نے پیٹرول سبسڈی اسکیم بند کرنے کا اعلان کر دیا
ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی سے قبل کی سطح سے بھی نیچے آ چکی ہیں، تاہم حکومت نے موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
