لاہور، اٹلی کی طرز پر پنجاب میں جدید ڈیری فارمنگ، دودھ اور پنیر کی پیداوار، ترسیل کے عالمی معیار کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اٹلی کے شعبہ ڈیری کے سرمایہ کار وفد کی جانب سے سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وزیر لائیو سٹاک عاشق حسین سے ملاقات کی گئی ، منصوبے کے پہلے مرحلے میں1ہزار بھینسوں کا پہلا آزمائشی منصوبہ پاک پتن، مظفرگڑھ اور جھنگ میں شروع ہوگا۔
اعلیٰ نسل کی بھینسوں کی افزائش، دودھ کی پیداوار بڑھانے، پیکجنگ اور برآمدی معیار بڑھانے پر مل کر کام ہوگا، دودھ ٹھنڈا کرنے اور محفوظ بنانے سمیت ڈیری کے شعبے میں جدید مشینری متعارف ہوگی، جامع ڈیری پالیسی جلد تیار ہوجائے گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ زیتون کے بعد ڈیری فارمنگ سے پنجاب میں زرعی انقلاب کی رفتار مزید تیز ہوگی، غریب اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں ڈیری مصنوعات کا منصوبہ شروع ہونے سے چھوٹے کسان اور خواتین خوشحال ہوں گے، 15 ہزار لائیو سٹاک کارڈز اور 80 ارب روپے کی سبسڈی سے کسان اور زراعت کو فائدہ ہوا۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ آسان قیمت پر ٹریکٹر، زرعی مشینوں کی فراہمی سے پنجاب میں زراعت فروغ پا رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے اٹلی کے ڈیری کے شعبے کے سرمایہ کار وفد کی آمد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر لائیو سٹاک عاشق حسین کی جانب سے اٹلی کے وفد کو وزیراعلیٰ پنجاب کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، اٹلی کا دنیا میں زرعی اور ڈیری مصنوعات کے حوالے سے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔
