وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمائما گولڈ اسمتھ کی جانب سے عمران خان کی صحت پر تشویش کے اظہار پر تنقید کی ہے۔
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمائما گولڈ اسمتھ کی جانب سے عمران خان کی صحت پر تشویش کے اظہار پر تنقید کی ہے۔ جمائما گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک ٹوئٹ میں جیل میں عمران خان کی حفاظت اور صحت کے بارے میں سنگین خدشات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی حکام پر الزام لگایا کہ انہوں نے اہل خانہ اور وکلاء کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی ہے، ساتھ ہی عدالتی سماعتیں بھی ملتوی کردی گئی ہیں۔
خواجہ آصف نے جمائما کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ساتھ مسلسل نرمی کا رویہ اپنایا جا رہا ہے، حالانکہ انہوں نے اپنے مخالفین کے ساتھ کبھی بھی نرمی نہیں برتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے آخری لمحات میں فون پر بات کرنے کی اجازت تک نہیں دی گئی تھی، اور اپوزیشن کے متعدد رہنماؤں کو بغیر کسی الزام کے جیلوں میں ڈالا گیا تھا۔