ترکیہ کی معروف یونیورسٹی اوزے یین یونیورسٹی کی لائبریری میں "پاکستان کارنر” کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
ترکیہ کی معروف اوزے یین یونیورسٹی کی لائبریری میں "پاکستان کارنر” کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس کا افتتاح قونصل جنرل پاکستان اور یونیورسٹی کے سربراہ نے کیا۔ یہ کارنر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ و ادب کو اجاگر کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔
پاکستان کارنر میں مختلف موضوعات پر تقریباً 30 کتابیں رکھی گئی ہیں، جن میں پاکستان کی ثقافتی ورثہ، سیاحت، سماجی و سیاسی تعلقات، اور ادب شامل ہیں۔ علامہ اقبال کی شاعری کے ترکی زبان میں تراجم بھی اس کارنر کی خاص زینت ہیں۔
قائداعظم ڈے کے موقع پر خصوصی طور پر ان کتابوں کا مجموعہ پیش کیا گیا، جو دفاعی صلاحیتوں اور مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالتا ہے۔
یہ کارنر علمی تبادلوں اور ثقافتی تفہیم کو بڑھانے کا ذریعہ بنے گا۔ افتتاحی تقریب میں طلبا کے ساتھ سوال و جواب کے سیشن اور ثقافتی اسٹال نے اس پروگرام کو مزید جاندار بنایا۔
مستقبل میں دیگر جامعات میں بھی ایسے کارنرز قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جو پاکستان کی عالمی سطح پر پہچان کو مزید مستحکم کرے گا۔