ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غزہ میں صرف بچے نہیں اقوام متحدہ اور مغرب کی اخلاقی روایات کا بھی قتل ہو رہا ہے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران غزہ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ صرف بچوں کا قتل نہیں بلکہ اقوام متحدہ اور مغرب کی اخلاقی روایات کا بھی قتل ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا بنیادی مشن دنیا میں امن قائم کرنا ہے، لیکن غزہ کی صورتحال اس مشن کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔
صدر اردوان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ریاست فلسطین کو تسلیم کرے اور تاریخ کی صحیح سمت میں کھڑے ہوں۔ انہوں نے اسرائیلی انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نہ صرف فلسطینی عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو نظر انداز کر رہا ہے، بلکہ مغربی اقدار کو بھی پامال کر رہا ہے۔
اردوان کا کہنا تھا کہ غزہ میں خواتین اور بچوں کے قتل عام نے اس خطے کو دنیا کا سب سے بڑا قبرستان بنا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لبنان کے عوام کو بھی اسرائیلی حملوں کا سامنا ہے، اور ترکیہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
اردوان کا پیغام تھا کہ اسرائیل کو انسانیت کے اتحاد کے ذریعے روکا جائے تاکہ عالمی امن و استحکام کو بحال کیا جا سکے۔