پشاور، خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول اپنے نانا کی برسی پر بھی عمران خان اور پی ٹی آئی پر تنقید کرنے سے باز نہ آئے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان 2018 میں اقتدار میں آئے تھے، جبکہ دہشت گردی کا مسئلہ کئی دہائیوں سے موجود تھا، تاہم، عمران خان کی حکومت کے دوران دہشت گردی میں نمایاں کمی آئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول وفاق میں ایک جعلی حکومت کا حصہ ہیں اور دہشت گردی کے مسئلے میں بلاول کی سنجیدگی کا یہ حال ہے کہ وہ بطور وزیر خارجہ افغانستان کا دورہ کرنے کو تیار نہیں تھے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغانستان سے بات چیت ضروری ہے، لیکن وفاقی حکومت اس حوالے سے نہ خود بات کرتی ہے اور نہ ہی ہمیں ایسا کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں مزید سہولت بازاروں کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے 13 نئے سہولت بازاروں کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، جنہیں اگست تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے،ان بازاروں کا قیام نوشہرہ ورکاں، بورے والا، کبیروالا، سانگلہ اور جلال پور کے علاقوں میں ہوگا، جبکہ بہاولپور، اٹک اور مری میں بھی اضافی بازار قائم کیے جائیں گے۔