آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک بار پھر پہلے نمبر پر آگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ حالیہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شاہین نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹیں حاصل کیں، جس کے بعد وہ بولرز کی رینکنگ میں دوبارہ سرفہرست آ گئے ہیں۔
اس کامیابی سے انہوں نے جنوبی افریقی اسپنر کیشو مہاراج کو تیسرے نمبر پر پہنچا دیا، جبکہ افغان لیگ اسپنر راشد خان بدستور دوسرے نمبر پر ہیں۔
اس سیریز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حارث رؤف نے 10 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ رینکنگ میں 13ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب، بلے بازوں کی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم پہلے نمبر پر برقرار ہیں، جس سے پاکستان کی کرکٹ میں عالمی سطح پر ایک مستحکم پوزیشن ظاہر ہوتی ہے۔