حافظ قرآن ہوں، مدرسے سے بھاگنے کی کافی کوشش کی، گلوکار بلال سعید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

معروف گلوکار و اداکار بلال سعید کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ حافظ قرآن ہیں جب کہ انہوں نے 15 سال پہلے ہی شادی کرلی تھی۔

بلال سعید حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے، جہاں معروف گلوکار کی جانب سے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی گئی۔

latest urdu news

گلوکار کے مطابق ان کا پہلا میوزک ایلبم 2012 میں ریلیز ہوا تھا، حیران کن طور پر ایلبم کے وہ گانے مقبول ہوئے، جنہیں وہ ایلبم میں شامل ہی نہیں کرنا چاہتے تھے۔

بلال سعید نے کہا کہ اب 12 سال بعد وہ اپنا نیا ایلبم ریلیز کرنے جا رہے ہیں، جس سے انہیں بہت ساری توقعات ہیں۔

ذاتی زندگی پر بات کرتے ہوئے گلوکار نے انکشاف کیا کہ انہوں نے کیریئر کے آغاز میں ہی پسند کی شادی کرلی تھی۔

بلال سعید نے بچپن پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پیدائش سیالکوٹ میں ہوئی اور وہیں انکا زیادہ تر بچپن گزرا۔

بلال سعید نے یہ بھی بتایا کہ انہیں بچپن میں مدرسے داخل کرادیا گیا، لیکن وہ گھر اور مدرسے دونوں سے فرار ہونا چاہتے تھے لیکن دونوں جگہوں سے فرار نہیں ہو پائے۔

معروف گلوکار نے بتایا کہ مدرسے سے غائب ہونے اور چھٹیاں کرنے کے باوجود حافظ قرآن بنے، جس کے کافی عرصے بعد انہوں نے گلوکاری کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا۔

بلال سعید نے یہ اعتراف کیا کہ حافظ قرآن ہونے کے باوجود گلوکاری شروع کرنے پر انہیں مشکلات پیش آئیں اور انہیں طعنے ملتے تھے، وہ لوگوں کو دیکھ کر راستہ بدل دیتے تھے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ جب ان کا پہلا گانا ریلیز ہوا اور مقبول ہوا، تب بھی وہ اپنے مدرسے کے استاد کو دور سے دیکھ کر راستہ بدل دیتے تھے۔

بلال سعید نے حافظ قرآن ہونے کے باوجود گلوکاری کرنے کا کریڈٹ والد کو دیا اور کہا کہ والد نے انہیں یہ سمجھ کر گلوکاری کی اجازت دی کہ ان کا بیٹا یہ نہ کہے کہ اسے اپنی مرضی نہیں کرنے دی۔