لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں مزید سہولت بازاروں کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے 13 نئے سہولت بازاروں کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، جنہیں اگست تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ ان بازاروں کا قیام نوشہرہ ورکاں، بورے والا، کبیروالا، سانگلہ اور جلال پور کے علاقوں میں ہوگا، جبکہ بہاولپور، اٹک اور مری میں بھی اضافی بازار قائم کیے جائیں گے۔
مریم نواز نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ان بازاروں کے لیے زمین مختص کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے جامع منصوبہ بندی پیش کرنے کا بھی کہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ سہولت بازاروں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا، جس سے بجلی کے اخراجات میں 70 فیصد تک کمی آئے گی، اس کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک کم قیمتوں کی صورت میں پہنچایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے 69 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے۔
جہلم، مظفر گڑھ اور نارووال میں سہولت بازار کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ رحیم یار خان، بہاولنگر، اٹک اور مری میں اراضی کی نشاندہی کا عمل جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سہولت بازاروں کا بنیادی مقصد عوام، خصوصاً کم آمدنی والے طبقات کو روزمرہ اشیاء سستے داموں مہیا کرنا ہے اور یہ اقدام قائد نواز شریف کے ویژن کے مطابق مہنگائی کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔