لاہور، پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران تھپڑ لگنے کے باعث ان کے ایک کان کی سماعت متاثر ہوئی۔
عید کے موقع پر ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے مدیحہ امام نے یہ بات بتائی، جس کی تصدیق ان کے ساتھی اداکار فیصل قریشی نے بھی کی۔
مدیحہ امام نے کہا کہ وہ اپنے ایک کان سے کم سنتی ہیں، جس پر فیصل قریشی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات سے آگاہ ہیں اور یہ واقعہ سیٹ پر پیش آیا تھا۔
اداکارہ نے وضاحت کی کہ وہ مکمل طور پر سماعت سے محروم نہیں ہوئیں، لیکن ان سے بات کرتے وقت قدرے بلند آواز میں بولنا پڑتا ہے، انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران ایک سین میں ساتھی اداکار نے تھپڑ مارا، جس کا اثر ان کے کان پر پڑا اور اس کے بعد سے وہ ایک کان سے کم سننے لگی ہیں۔
مدیحہ امام نے مزید کہا کہ عام تاثر کے برعکس اداکاری کوئی آسان کام نہیں، بلکہ اس میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
میزبان رابعہ انعم نے سوال کیا کہ کیا انہوں نے اس شخص کو معاف کر دیا جس نے تھپڑ مارا تھا؟ اس پر مدیحہ امام نے جواب دیا کہ ظاہر ہے، یہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا تھا بلکہ غلطی سے ایسا ہو گیا تھا۔
فیصل قریشی نے گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی ایک بار اداکارہ صبا قمر سے زوردار تھپڑ کھایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر مرد اداکاروں کے ہاتھ بھاری ہوتے ہیں، اس لیے خواتین اداکاراؤں پر اصل میں ہاتھ نہیں اٹھایا جاتا بلکہ اسے اس طرح فلمایا جاتا ہے جیسے واقعی تھپڑ مارا گیا ہو۔