جلیبیاں بیچنے والے ہنگو کے فٹبالر محمد ریاض کی اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف اور پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں ہوئیں۔
قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی محمد ریاض، جو مالی مشکلات کے باعث جلیبیاں بیچنے پر مجبور ہو گئے تھے، کو وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس بلا کر 25 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا۔
محمد ریاض کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں ضلع ہنگو میں جلیبیاں فروخت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد حکومت نے ان کی مدد کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے نہ صرف مالی امداد دی بلکہ ان کے مسائل سننے کے بعد مزید اقدامات کی بھی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی محمد ریاض سے ملاقات کی اور انہیں کوچ کے طور پر بھرتی کرنے کا حکم جاری کیا، تاکہ وہ بچوں کو فٹبال کی تربیت دے سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "محمد ریاض جیسے کھلاڑی ہمارا سرمایہ ہیں اور ہمیں انہیں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔”
مالی مشکلات کے شکار قومی فٹبالر محمد ریاض کو وزیراعظم نے ملاقات کے لیے بلالیا
محمد ریاض نے پاکستان کی نمائندگی ایشین گیمز، سیف گیمز اور یوتھ چیمپئن شپ جیسے بین الاقوامی مقابلوں میں کی ہے۔ وہ ماضی میں کے الیکٹرک کی ٹیم کا حصہ بھی رہے، تاہم فٹبال فیڈریشن میں فنڈز کی کمی اور ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بندش کی وجہ سے شدید مالی مشکلات میں مبتلا ہو گئے۔
حکومتی امداد کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ محمد ریاض دوبارہ اپنے کیرئیر کو سنوار سکیں گے اور مستقبل میں نوجوانوں کے لیے فٹبال کے مواقع پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔