عائشہ بشیر کلیفٹ ہسپتال جدید طبی تربیت کا مرکز بن گیا، ڈپٹی کمشنر گجرات

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کہا ہے کہ عائشہ بشیر کلیفٹ ہسپتال کا پاکستان بھر کے کلیفٹ پلاسٹک سرجنز کے لیے جدید تربیتی مرکز بننا اور عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا ضلع گجرات کے لیے ایک اعزاز ہے۔

ڈپٹی کمشنر گجرات نے کہا کہ دنیا کے معروف کلیفٹ سرجن ڈاکٹر ثمر لیڈ کا عائشہ بشیر ہسپتال آکر بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ دینا اور اسے دنیا کا نمبر ون کلیفٹ سینٹر قرار دینا ڈاکٹر اعجاز بشیر اور ان کی ٹیم کی غیر معمولی خدمات کا اعتراف ہے۔

latest urdu news

ڈپٹی کمشنر پاکستان کلیفٹ لپ اینڈ پیلٹ ایسوسی ایشن کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جہاں ہسپتال کی کارکردگی، انٹرنیشنل کلیفٹ کیمپ کی کامیابی اور عوامی آگاہی مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ڈاکٹر اعجاز بشیر نے 55ویں انٹرنیشنل کلیفٹ کیمپ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس دوران 723 مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا، 41 بچوں کی سرجری مکمل کی گئی اور 27 نئے مریض رجسٹر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کیمپ میں نئے ماہرین سرجنز کی شمولیت اس مشن کی کامیابی اور اعتماد کا ثبوت ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی خدمات کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کمیونٹی اور عوام کو آگاہ کرنے کے لیے جدید اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔

گجرات پریس کلب کے صدر عبدالستار مرزا نے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کی تجویز دی، جبکہ عزیزالرحمان مجاہد نے شہر کی اہم شاہراہوں، اسپتالوں اور عوامی مراکز میں کلیفٹ ہسپتال کی آگاہی فلیکس لگانے کی تجویز پیش کی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹر اعجاز بشیر کی اہلیہ کو انٹرنیشنل کلیفٹ سرجنز ٹیم کی میزبانی اور بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ خاندان دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے، جس کی جزا اللہ ہی دے سکتا ہے۔

اجلاس میں مرزا اشفاق بشیر، عزیزالرحمان مجاہد، عبدالستار مرزا، محسن علی، عمر نوازش، ڈاکٹر جواد رزاق، مسز سمعیہ اعجاز، حمزہ اعجاز اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter