جہلم: آئیسکو سرکل جہلم میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تاحال ختم نہ ہو سکا، جس کے باعث شدید گرمی اور حبس کے موسم میں شہری شدید مشکلات اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے، بار بار ٹرپنگ اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث کئی کئی گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے، جس سے گھریلو، تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دن کے اوقات میں سولر سسٹمز کے استعمال کے باعث بجلی کی طلب نسبتاً کم رہتی ہے، تاہم شام اور رات کے وقت طلب میں اضافے سے سسٹم پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، جس کے نتیجے میں ٹرپنگ اور دیگر فنی خرابیوں کی شکایات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے خصوصاً بچے، خواتین، بزرگ شہری، بیمار افراد اور پلازوں میں رہائش پذیر خاندان شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث پنکھے، ائیر کنڈیشنرز، واٹر کولرز اور دیگر برقی آلات بند ہونے سے شہری شدید گرمی اور حبس برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ہزاروں اور لاکھوں روپے کے بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود انہیں بلا تعطل بجلی کی سہولت میسر نہیں آ رہی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بار بار بندش سے روزمرہ معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ آئیسکو حکام تکنیکی خرابیوں کا مستقل حل نکالیں، خراب ٹرانسفارمرز کی فوری تبدیلی یقینی بنائیں اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے۔
متاثرہ شہریوں نے چیف ایگزیکٹو آئیسکو، وفاقی وزیر توانائی، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے اور بجلی کی مسلسل بندش کا مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو شدید گرمی کے موسم میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
