جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انوائرمنٹل اپروول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف صنعتی و تجارتی منصوبوں کے ماحولیاتی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی، اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوائرمنٹ بابر، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ولید اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران این او سی کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں پر قانونی اور ماحولیاتی معیار کے مطابق غور کیا گیا جبکہ صرف ان منصوبوں کو منظوری دی گئی جو مقررہ اصولوں پر پورا اترتے تھے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی قوانین کی مکمل پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی ایسے منصوبے کی اجازت نہ دی جائے جو عوامی صحت یا قدرتی ماحول کے لیے نقصان دہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کا ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈ دادنخان کا دورہ، طبی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایات
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منظور شدہ منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ وہ طے شدہ ماحولیاتی معیار کے مطابق کام کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
