جہلم: سوہاوہ کے علاقے مسہ کسوال، جی ٹی روڈ پنڈ مٹی خان کے قریب کنکریٹ مکسر مشین اور تیز رفتار ٹرک کے درمیان پیش آنے والے حادثے میں 18 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع موٹروے پولیس کی جانب سے کنٹرول روم کو موصول ہوئی، جس پر قریبی ریسکیو ایمبولنس فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق محمد طیب کنکریٹ مکسر مشین کا ٹائر تبدیل کر رہا تھا کہ اسی دوران ایک تیز رفتار ٹرک نے اسے ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق نوجوان کی میت تحصیل ہیڈکوارٹر (THQ) ہسپتال سوہاوہ منتقل کر دی۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت محمد طیب ولد محمد اصغر کے نام سے ہوئی، جس کی عمر 18 سال تھی اور وہ ضلع چکوال کے علاقے تلہ گنگ کا رہائشی تھا۔
