کے راجن، جو تامل فلم انڈسٹری کے سینئر پروڈیوسرز میں شمار کیے جاتے تھے، چنئی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں انتقال کر گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 85 سالہ پروڈیوسر نے آدیار دریا میں چھلانگ لگا دی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب کے راجن آدیار پل سے گزر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے ڈرائیور کو گاڑی روکنے کی ہدایت کی اور اچانک گاڑی سے اتر کر دریا میں کود گئے۔ ڈرائیور نے فوری طور پر ریسکیو اداروں کو اطلاع دی، جس کے بعد تلاش کا عمل شروع کیا گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے بعد ازاں ان کی لاش دریا سے نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کے راجن نے 1980 کی دہائی میں تامل فلم انڈسٹری میں بطور پروڈیوسر کام شروع کیا تھا۔ فلم پروڈکشن کے ساتھ ساتھ انہوں نے چند فلموں کی ہدایت کاری بھی کی جبکہ وہ فلم ڈسٹری بیوٹرز کی ایک معروف ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہ چکے تھے۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد چنئی کی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
