نیدرلینڈز سے اسپین جانے والی پرواز میں شراب کے نشے میں دھت 36 سالہ مسافر نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے 4 فضائی میزبانوں کو مبینہ طور پر جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا اور انہیں نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش کی۔ مسافر کے غیر معمولی رویے کے باعث پائلٹس کو پرواز مقررہ وقت سے پہلے اتارنا پڑی، جہاں پہنچتے ہی اسپین کی پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
دوران پرواز مسافر کی ہنگامہ آرائی
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم سے اسپین کے شہر مالاگا جانے والی پرواز میں پیش آیا۔
دوران پرواز 36 سالہ مسافر شراب کے نشے میں دھت ہو کر ہنگامہ آرائی کرنے لگا۔ اس دوران اس نے 4 فضائی میزبانوں کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی بدسلوکی کی اور انہیں نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش کی۔
مسافر کے رویے سے پرواز میں موجود عملے اور دیگر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پائلٹس نے پرواز وقت سے پہلے اتار دی
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر پائلٹس نے پرواز کو مقررہ وقت سے پہلے مالاگا کے ہوائی اڈے پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔
طیارے کے ایئرپورٹ پہنچتے ہی اسپین کے سول گارڈز نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بدسلوکی کرنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا۔
فرینکفرٹ سے دہلی جانے والی پرواز کو ہائی جیکنگ الرٹ، جے پور میں ہنگامی لینڈنگ
گرفتاری کے دوران پولیس اہلکار پر بھی حملہ
رپورٹس کے مطابق گرفتاری کے دوران مسافر نے ایک پولیس اہلکار پر بھی حملہ کیا۔
اس کی شدید اشتعال انگیز حالت کے باعث اسے ابتدائی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں تفتیش کے بعد اسے رہا کردیا گیا۔
تاہم مسافر کے خلاف فضائی میزبانوں سے مبینہ جنسی بدسلوکی اور سرکاری اہلکار پر حملے کے الزامات کے تحت عدالتی تحقیقات جاری ہیں۔
ماخذ: جیو نیوز کی رپورٹ۔
