گجرات: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جی ٹی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر اپنی تاریخ کا سب سے بڑا غیر معیاری آئل پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران:
- 15 ہزار کلوگرام چربی سے تیار کردہ آئل اور گھی برآمد کیا گیا۔
- ضبط شدہ مالیت تقریباً 60 لاکھ روپے بتائی گئی۔
- سپلائی کے لیے استعمال ہونے والی ٹرانسپورٹ گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔
حکام کے مطابق یہ فیٹ رینڈرنگ آئل ایک رجسٹرڈ ایڈیبل آئل کی گاڑی میں چھپا کر منتقل کیا جا رہا تھا۔ موقع پر کیے گئے ابتدائی فیلڈ ٹیسٹ میں آئل میں مبینہ طور پر خطرناک "میٹانیل ڈائی” کی موجودگی سامنے آئی۔
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس کھیپ سے لاکھوں لیٹر مضرِ صحت کوکنگ آئل اور گھی تیار کیا جا سکتا تھا، جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا تھا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 54 فوڈ پوائنٹس کا معائنہ، ایک لاکھ 7 ہزار روپے جرمانہ
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے مطابق چربی سے تیار کردہ یہ آئل صرف بائیو ڈیزل یا صابن بنانے جیسے صنعتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ اسے کھانے کے آئل یا گھی کی تیاری میں استعمال کرنا قانوناً سنگین جرم ہے۔
فوڈ اتھارٹی کی شکایت پر تھانہ صدر میں گاڑی کے مالک اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
