مظفرگڑھ میں وراثتی زمین کے تنازع پر بھائی نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنی 8 ماہ کی حاملہ بہن کو قتل کردیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مظفرگڑھ کے علاقے جتوئی میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر زمین کی ملکیت کے تنازع نے خونی رخ اختیار کرلیا۔ واقعے کا مقدمہ مقتولہ کی ساس کی مدعیت میں تھانہ جتوئی میں درج کرلیا گیا ہے۔
4 کنال سے زائد وراثتی زمین کا تنازع
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعیہ نے بتایا کہ اس کی بہو ممتاز مائی ایک بچے کی ماں تھی اور 8 ماہ کی حاملہ بھی تھی۔ مقتولہ کا بھائی وراثت میں ملنے والی 4 کنال سے زائد زمین اپنے نام منتقل کرانا چاہتا تھا، جس پر دونوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔
مقدمے کے مطابق واقعے کے روز مقتولہ اپنے بھائی کے لیے دکان سے کولڈ ڈرنک لے کر آئی۔ ملزم نے کولڈ ڈرنک پینے کے بعد اپنی بہن سے وراثتی زمین اپنے نام منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ ممتاز مائی نے زمین منتقل کرنے سے انکار کیا تو ملزم نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
گوجرانوالہ: ولیمے کے روز دلہن کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
مقتولہ کا شوہر سعودی عرب میں مقیم ہے
مقدمے کے مطابق مقتولہ ممتاز مائی کا شوہر محنت مزدوری کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے۔ واقعے کے وقت وہ پاکستان میں موجود نہیں تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزم کو گرفتار کرنے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
یہ واقعہ وراثتی جائیداد کے تنازعات کے دوران خواتین کو درپیش خطرات اور تشدد کے سنگین مسئلے کو ایک بار پھر سامنے لاتا ہے۔ تاہم واقعے کی مزید تفصیلات پولیس کی تفتیش کے بعد سامنے آئیں گی۔
