167 اضلاع میں سال کی آخری انسدادِ پولیو مہم 12 دسمبر سے شروع ہوگی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کے 167 اضلاع میں رواں سال کی تیسری اور آخری قومی انسدادِ پولیو مہم 12 دسمبر سے شروع ہوگی، جس کے دوران ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

latest urdu news

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق یہ مہم 7 روز تک جاری رہے گی۔ اس دوران بچوں کو پولیو ویکسین کے ساتھ وٹامن اے کی خوراک بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ مہم میں 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز حصہ لیں گے۔

صوبوں میں بچوں کو قطرے پلانے کے اہداف

این ای او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے 38 اضلاع میں 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

سندھ کے 30 اضلاع میں ایک کروڑ 3 لاکھ بچوں کو ویکسین دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے 37 اضلاع میں 72 لاکھ 46 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اسی طرح بلوچستان کے 41 اضلاع میں 26 لاکھ 29 ہزار بچوں کو ویکسین فراہم کی جائے گی، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 47 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا منصوبہ ہے۔

گجرات میں انسدادِ پولیو مہم کا جائزہ، پانچ لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت مہم

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق 2026ء کی آخری انسدادِ پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت چلائی جائے گی۔

اس مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں کو مؤثر بنانا ہے۔

رواں سال پولیو کے 9 کیسز رپورٹ

این ای او سی کے مطابق رواں سال پاکستان میں پولیو کے 9 کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے 7 کیسز خیبر پختونخوا جبکہ 2 سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان اور پنجاب میں رواں سال پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

ماخذ: روزنامہ جنگ، نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی)

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں